Posts

Showing posts from June, 2022

تلاشِ گم شدہ از ڈاکٹر ضیاءاللہ ضیاء

Image
  تلاشِ گمشدہ از ڈاکٹر ضیاءاللہ ضیاء    ہمارے شعبہ کے ایک روحِ رواں جو سرتاپا مجسم تصویرِ محبت و کسرِ نفسی ہیں اور بے لوثی و بے غرضی سے سرشار ہو کر انتظامیہ سے لے کر ہم جیسے ہیچمقداروں تک سب کے کام آنا اپنا خلقی و وصفی و پیدائشی فریضہ سمجھتے ہیں لا پتہ ہیں۔ آخری بار بروز ہفتہ مؤرخہ 25 جون 2022 کو جب ساڑھے دس بجے کا عمل تھا انہیں ہمارے شعبہ کے تدریسی و مجلسی کمرے میں ایک عدد بستہ اور ڈھیروں دستاویزات کے ہمراہ حالتِ اضطراب میں پایا گیا تو دریافت پر معلوم ہوا کہ میر مدرس کے ہاں کسی اجلاس کے سلسلہ میں انہیں جامعہء طبیہ کے مرکزی مرکزی دفتر میں 11 بجے سے قبل پہنچنا ہے۔ چنانچہ ہماری سنی ان سنی کرکے وہ کنی کترا کر بستہ بغل میں دبائے عازمِ جامعہ ہوئے اور ہم منہ تکتے رہ گئے۔ ان سے ملاقات پر معلوم ہوا کہ ان کی اس وقتی بے رُخی کی طرح ان کا فون بھی عارضی طور پر داغِ مفارقت دے چکا ہے نیز یہ کہ انہیں اثنائے راہ میں کچھ امورِ خانہ داری سے بھی سابقہ ہے اور کچھ آٹے دال کا بھاؤ بھی معلوم کرنا ہے، نیز اپنے بال بچوں کو بھی منزلِ مقصود پر پہنچانا ہے۔ ہم نے ان سے بہت کہا کہ جناب آخر ہم بھی تو کسی کے بچے ہیں: